پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر کے ہائیکورٹ میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف ایک اہم پٹیشن دائر کی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ کمیٹی ایک غیر قانونی گروہ ہے جو اجتماعات اور ہڑتالوں کے ذریعے عوام کے بنیادی حقوق سلب کر رہی ہے۔
درخواست گزاروں سردار عمران حسین، سردار احسن اور منیر ریاض نے اپنے وکیل سردار بلال شکیل ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت سے استدعا کی کہ گزشتہ دو سالوں سے عوام کو اس کمیٹی کے اجتماعات اور اچانک دی جانے والی ہڑتال کالز کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ 30 اگست 2025 کو اچانک لاک ڈاؤن کی کال نے عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈالا جبکہ اب سوشل میڈیا کے ذریعے 29 ستمبر 2025 کو ایک اور لاک ڈاؤن کی کال دی جا رہی ہے، جو غیر قانونی عمل ہے۔
درخواست گزاروں کے مطابق ریاستی ادارے اس کمیٹی کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہے ہیں، اس لیے عدالت کو مداخلت کرنا ہوگی تاکہ عوام کو اس صورتحال سے نجات دلائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ نے پٹیشن منظور کرتے ہوئے 30 فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
Share this content:


